اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی نے حق خود ارادیت کے حوالے سے پاکستان کی پیش کردہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی

85

اقوام متحدہ ۔ 20 نومبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی نے حق خود ارادیت کے حوالے سے پاکستان کی پیش کردہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ غیر ملکی اور سامراجی تسلط میں زندگی گذارنے پر مجبور افراد کو حق خود ارادیت دینے بارے پاکستانی قرار داد کی ریکارڈ 83 ممالک نے حمایت کی، قرار داد کو اب آئندہ سال حتمی منظوری کے لئے جنرل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ قرارداد میں ملکوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ دیگر ممالک اور علاقوں پر اپنے قبضے اور فوجی مداخلت اور تمام جبر پرمبنی تمام کارروائیاں فوری ختم کریں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اس موقع پر ”اے پی پی“ سے گفتگومیں کہا کہ قرار داد کی منظوری اس عزم کا اعادہ ہے کہ بغیر کسی استثنا کے اور بشمول کشمیری اور فلسطینی عوام کے دنیا بھر میں کسی بھی قوم کا حق خود ارادیت ناقابل تنسیخ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ قرار داد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی جو سماجی، انسانی اور ثقافتی امور سے متعلق ہے میں پیش کی گئی تھی اور کمیٹی نے یہ قرار داد بغیر رائے شماری کے متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال اس قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کی تعداد میں 8 کا اضافہ ہوا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر حق خود ارادیت کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔ قرار داد میں حق خودارادیت کو بنیادی انسانی حق قرار دیتے ہوئے اس کے احترام کی ضمانت دینے پر زور دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اپنی پوری تاریخ میں حق خود ارادیت کی حمایت کا علمبردار رہا ہے اور اس نے دنیا کے کئی حصوں میں مقیم لوگوں کے لئے اس حق کی بھرپور حمایت کی ہے۔