اقوام متحدہ۔ 24 جنوری (اے پی پی)پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میںیہودی بستیوں کی غیر قانونی تعمیر کو مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے ایک دھچکا قرار دیا ہے اور فلسطین اسرائیل تنازعہ کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پا کستان کے نمائندہ سعد احمد وڑائچ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فلسطینی عوام کو ناکام نہیں بنانا چاہیے۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل اینتونیو گوئٹرز سے کہا کہ دنیا بھر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے 2019ءمیں سفارت کاری میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اب مشرق وسطیٰ بالخصوص فلسطین میں امن کی فوری ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل بین الا قوامی قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے یہودی بستیوں کی تعمیر کر رہا ہے جس سے صورتحال خراب ہورہی ہے پاکستان کے نمائندہ نے کہا کہ عالمی ادارہ کی قرارداد نمبر 2334 میں واضح کیا گیا ہے کہ جبر و تشدد کے ساتھ متبادل حا لات لاکر نہ تو تاریخی حقائق کو بدلا جا سکتا ہے اور نہ ہی لوگوں کو ان کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا ہے جو امن کے لئے بھی نقصان دہ ہے اور مسئلہ کے دو ریاستی حل سے انحراف کے ساتھ ایک ریاست میں بدلنے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی مشکلات ختم ہونی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کا واحد راستہ عالمی اصولوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا قیام ہے۔انہوںنے گزشتہ ہفتہ فلسطین کی جانب سے گروپ آف77کی صدارت سنبھالنے کو عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہیہ نہ صرف اقوام متحدہ میں ترقی پذ یر ممالک کے سب سے بڑے گروپ کی نمائندگی کا اعتراف ہے بلکہ طویل عرصہ سے مشکلا ت جھیلنے والے فلسطینی لوگوں کے ساتھ اسکی یکجہتی کا بھی اظہار ہے ۔ انہوں نے شام میں قیام امن کے لئے شام کے اندر سیاسی عمل اور یمن میں لڑائی بند کرانے کے لئے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے امدادی ادارہ کی جانب سے مشکلات سے دوچار لوگوں کے لئے فنڈز میں اضافہ کیا جائے ۔