اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی

267
Security Council
Security Council

نیویارک۔25مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔امریکا نے قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی قرارداد پر رائے شماری کے لیے پیر کو سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔فوری جنگ بندی کی قراردادسلامتی کونسل کے10 رکن ممالک نے پیش کی۔قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں الجزائر، جاپان، ایکواڈور ، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، مالٹا اور دیگر ممالک شامل تھے۔

سلامتی کونسل کے15میں سے 14 ارکان نےقراردادکی حمایت کی جب کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے 4 قراردادیں پیش کی گئیں لیکن ان میں سے کوئی قرارداد منظور نہ ہوسکی۔ قرارداد کی منظوری کے بعداقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس قرارداد کو ضرور نافذ ہونا چاہیے۔غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 32 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 74 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔