اقوام متحدہ ۔21فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی مزید تعمیر اور توسیع کے اعلان پر گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل نےصدارتی بیان میں اس بات کا اعادہ کیاہے کہ اسرائیل کی یہودی آبادکاری کی مسلسل سرگرمیاں 1967 کی سرحدوں پرمبنی دو ریاستی حل کی راہیں مسدود کررہی ہیں اورتنازع کے ممکنہ حل کوخطرے میں ڈال رہی ہیں۔
بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل امن کی راہ میں حائل تمام یک طرفہ اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتی ہے جن میں اسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کی تعمیرو توسیع، فلسطینیوں کی اراضی کی ضبطی، یہودی بستیوں کی بیرونی چوکیوں کو قانونی شکل دینا، فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اور فلسطینیوں کی نقل مکانی شامل ہیں۔اس صدارتی بیان پر سلامتی کونسل کے تمام پندرہ رکن ممالک نے اتفاق کیا ہے۔