اقوام متحدہ کی غزہ میں فلسطینی بچوں کے قتل کی شدید مذمت

76

مقبوضہ بیت المقدس ۔ 13 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں دو فلسطینی بچوں کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی نیکولائے میلاڈینوف نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے دو فلسطینی بچوں کی شہادت وحشیانہ فعل اور ناقابل قبول اقدام ہے، اقوام متحدہ اسرائیلی فوج کے اس وحشیانہ جرم کی شدید مذمت کرتی ہے۔میلاڈینوف کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ہم سب کو صدمے سے دوچار کیا ہے، اسرائیلی فوج نے بلا جواز فلسطینی مظاہرین اور بچوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے قتل کے حادثات ناقابل قبول اقدام ہے اوربچوں کو تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔اقوام متحدہ کے عہدیدار نے شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔