اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں بھارت کے آئین میں ردوبدل سے تبدیل نہیں ہوسکتیں، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو اپنا فرض سمجھتا اور وہ یہ حق ادا کرتا رہے گا۔منگل کو یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے زیر قبضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کا اقدام اٹھایا گیا،
جمہوریت کے نام نہاد علمبردار کے اس اقدام کو 6 سال مکمل ہوچکے ہیں، 5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے منطقی انجام تک ان کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، 1947ء سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے، کشمیریوں نے پاکستان بننے سے پہلے پاکستانی ہونے کا نعرہ لگایا تھا، کشمیریوں کی رائے کے مطابق تنازعہ کشمیر حل ہونا چاہئے اور اس حوالہ سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہئے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کشمیری ہر جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں، لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں، کشمیر میں بھارت کی جانب سے مظالم کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ان اقدامات کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں بھارت کے آئین میں ردوبدل سے تبدیل نہیں ہوسکتیں، وہ قراردادیں اپنی جگہ پر موجود ہیں، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو اپنا فرض سمجھتا اور وہ یہ حق ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہئیے۔ انہوں نے او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ عملی طور پر مظلوم مسلمانوں کی بھرپور نمائندگی کرے اور عملی اقدامات اٹھائے۔