اقوام متحدہ کی لبنان کے لاکھوں بےگھر افراد کی انسانی بنیادوں پر امداد کی اپیل

115
UN

اقوام متحدہ ۔8جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ لبنان کے لاکھوں بےگھر افراد کی انسانی بنیادوں پر امداد کرے ۔ العربیہ اردو کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بمباری کے باعث لبنان کو فوری طور پر 371 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد کی ضرورت ہےتاکہ لاکھوں بے گھر افراد کی مدد کی جا سکے۔

اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر رابطہ کار عمران رضا نے امید ظاہر کی کہ اب ان کی بحالی ممکن ہو جائے گی۔تاہم انہوں نے کہا یہ اضافی فنڈنگ فوری درکار ہے، تاکہ ان بےگھرافرادکی زندگیاں بچانے کی کوششوں کو جاری رکھا جاسکے، کیونکہ یہ پہلے ہی بہت بری حالت میں ہیں اور بھوک سے دوچار ہیں۔یہ اپیل ابتدائی طور پر 10 لاکھ لبنانیوں ، شامیوں اور جنگ زدہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کی گئی تھی تاکہ 2025 کے پہلے تین ماہ کے لیے ان کی ضروریات پوری ہو سکیں۔

یاد رہے کہ ستمبر میں اسرائیل کی لبنان اور اس کے جنوبی مضافات کے علاوہ بعلبک اور لبنان کے دیگر دیہاتوں و قصبوں پر کی گئی اندھی اسرائیلی بمباری کے بعد لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی تھی، جن میں سے ایک خاص تعداد شام منتقل ہوگئی جبکہ بہت سارے ملک کے اندر ہی ایک سے دوسری جگہ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ ان کی روزمرہ کی انتہائی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی رقم درکار ہے۔

اکتوبر میں ابتدائی طور پر 426 ملین ڈالر کی اپیل کی گئی تھی، اقوام متحدہ کے مطابق بعد میں اس اپیل میں 250 ملین ڈالر کی مزید رقم کا مطالبہ شامل کر دیا گیا۔ایک اندازے کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے نومبر معاہدے کے باوجود ایک لاکھ 25 ہزار سے زائدافراد اب بھی بےگھر ہیں اور نقل مکانی کی وجہ سے اپنے علاقوں سے دور ہیں۔ جنہیں روزمرہ کی بنیادی ضروریات کے لیے بھی وسائل کی ضرورت ہے۔