اقوام متحدہ کی ڈونرممالک سے فلسطینی مہاجرین کےلئے کام کرنے والے امدادی ادارے کوفنڈ ز کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ واپس لینےکی اپیل

84

اقوام متحدہ ۔29جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امداد فراہم کرنے والے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے ( یواین آر ڈبلیو اے) کی فنڈنگ معطل کرنے کا فیصلہ واپس لیں۔ انہوں نے ایک بار پھر رکن ممالک پر بالعموم اور امداد کرنے والےممالک پر بالخصوص زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری امدادی کارروائیوں کے لیے اپنی امداد اور فنڈز کا سلسلہ جاری رکھیں۔

انہوں نے یہ اپیل اس یقین دہانی کے ساتھ کی ہے کہ یواین آر ڈبلیو اے کے اہلکاروں پر لگائے گئے الزام کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں گی تاکہ معلوم ہوسکے کہ یہ الزام کس قدر حقیقت پر مبنی ہے اور اس کی روشنی میں کارروائی کی جاسکے۔اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ کا کوئی کارکن اس میں ملوث ہوا تو اس کا مکمل احتساب کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے فوجداری مقدمات سے بھی گزارا جائے گا۔

اقوام متحدہ کا سیکرٹریٹ ان تحقیقات کے سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ یواین آر ڈبلیو اے میں ہزاروں لوگ کام کرتے ہیں۔ جن میں سے ایک بڑی تعداد انسانی حقوق کے لئے کام کرتے ہوئے سخت مشکلات سے دوچار ہے۔

چند افراد پر لگنے والے الزامات کی وجہ سے پورے ادارے اور اس کے تمام کارکنوں کو سزا نہیں دے سکتے جو بھوکے اور برے حال کو پہنچے ہوئے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں اور ان لوگوں کی بنیادی ضرورت کی چیزیں انہیں ضرور ملنی چاہیے ۔

یو این چیف نے پہلی باراس معاملے میں اپنے تفصیلی تبصرے میں کہا ہے کہ یواین آر ڈبلیو اے کے 12کارکنوں پر الزام لگایا گیا ہے جن میں سے 9 کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ایک مر چکا ہے اور باقی دو کی تلاش اور شناخت کا عمل جاری ہے۔امریکا کی پیروی کرتے ہوئے برطانیہ، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ اور آسٹریلیا اور کینیڈا نے بھی یواین آر ڈبلیو اے کو فنڈز کی فراہمی روک دی ہے۔

اسرائیل کی طرف سےیواین آر ڈبلیو اے پر لگائے گئے اس الزام کے بعد غزہ میں امدادی کارروائیوں پر منفی اثر پڑسکتا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ میں ان ممالک کی اس تشویش کو سمجھ سکتا ہوں ان الزامات سے میں خود بھی خوفزدہ ہوا۔

میں ان ممالک سے جنہوں نے یواین آر ڈبلیو اے کو فنڈز کی فراہمی معطل کی ہے، سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فنڈز کی معطلی بند کریں اور اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ یواین آر ڈبلیو اے کی امدادی خدمات جاری رہیں گی۔