نیویارک ۔02دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی سختی سے مذمت کی ہے جس میں مشن کے سربراہ عبید الرحمان نظامانی کو نشانہ بنایا گیا ۔تاہم امید ہے کہ افغانستان میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں جمعہ کو دوپہر کی معمول کی بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم سب سے پہلے شکرگزار ہیں کہ سفارت خانے کے انچارج نظامانی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ہمیں بہت امید ہے کہ شدید زخمی سیکورٹی گارڈ ٹھیک ہو جائے گاتاہم ترجمان نے مزید کہاکہ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ہم اس قسم کے حملوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال ابتر ہو رہی ہے، دوجارک نے کہاکہ ہم نے افغانستان میں سیکورٹی چیلنجز کے کئی حملے دیکھے ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ حالا ت مز ید بہتر ہوں اور ہم اس سلسلے میں جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کرتے رہیں گے۔ دریں اثناسلام آباد میں دفتر خارجہ نے افغان حکام سے کہا ہے کہ وہ حملے کی تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے ۔