اقوام متحدہ۔16نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے ہیٹی میں ہیضے کی وبا سے نمٹنے کے لیے 145 ملین ڈالر کی اپیل کی ہے ۔
چینی خبررساں ادارے نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے نائب ترجمان فرحان حق کے ہیٹی کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے حوالے سے بیان میں بتایا کہ ہیٹی میں ہیضے کی وبا سے حالیہ دنوں میں مشتبہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک 8,700 مشتبہ اور 800 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے جبکہ اس سے 161 افراد ہلاک بھی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ وبا سے کمزور افراد بالخصوص خواتین، بچے، بوڑھے اور معذور افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رہائش اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے کوآرڈینیٹر الریکا رچرڈسن نے رپورٹ دی ہے کہ عالمی ادارے اور اس کے شراکت داروں نے ہیٹی میں ہیضے کی وبا سے نمٹنےکے لیے وہاں کی وزارت صحت کے ساتھ مل کرپہلے دن سے کام کا آغازکردیا ہے،اس کے لیے اکٹھے کیے گئے فنڈز سےدیگرانسانی ضروریات،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت مختلف مسائل سے بھی نمٹیں گے۔
فرحان حق نے کہا کہ رچرڈسن نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیٹی میں ہیضے سے مزید انسانی جانوں کے ضیاع سے بچے کے لیے امداد میں اضافہ کرے۔ واضح رہے کہ ہیٹی کے عوام پہلےہی صحت، خوراک اور صاف پانی تک رسائی کی کمی، غذائی قلت، غربت ، عدم تحفظ اور گینگ تشدد کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔