بیجنگ ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے سربراہی اجلاس میں چین کے صدر شی جن پنگ نے ایک اہم تقریر کی۔ اپنے خطاب میں شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ نا انصافی کے خاتمے ، قانون کی حکمرانی کو نافذ کرنے ، تعاون کو فروغ دینے اور وبا کے بعد کے دور میں اقدامات پر توجہ مرکوز کرے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ چین ہمیشہ کثیرالجہتی کا عملی مظاہرہ کرنے والا ملک ہے، چین عالمی نظم و نسق کے نظام کی اصلاح اور تعمیر میں فعال طور پر حصہ لے گا اور بنی نوع انسان کے مساوی معاشرے کی تعمیر کو فروغ دے گا۔ شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ 75 سال پہلے دنیا کے عوام خونی لڑائیوں سے گزرے اور دنیا نے اتحاد کے ذریعے فاشسٹ قوتوں کے خلاف عظیم فتح حاصل کی، یہ انصاف کی فتح اور عوام کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ 75 سالوں کے غیر معمولی دور سے گزر چکا ہے، اب دنیا میں امن و ترقی کا ایک نیا باب کھل چکا ہے۔