اسلام آباد/ اقوام متحدہ۔30مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عید الفطر کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو ’’بوجھل دل‘‘ کے ساتھ عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں مسلمان اس موقع کو روایتی خاندانی اجتماعات کے بجائے جنگ اور نقل مکانی کے تحت منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کیلئے عید الفطر پر نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں ۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے ایکس پر شیئر کیے گئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ میں بھاری دل کے ساتھ بہت سے مسلمانوں کے بارے میں سوچ رہا ہوں جو جنگ، تنازعات یا نقل مکانی کی وجہ سے اپنے خاندانوں کے ساتھ عید نہیں منا سکیں گے۔ انہوں نے عید الفطر کے تہوار کی یکجہتی اور ہمدردی کی بنیادی اقدار پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اصول منقسم برادریوں کو دوبارہ جوڑ سکتے ہیں۔
ان کا پیغام اس وقت آیا ہے جب غزہ میں فلسطینی، ہندوستانی قبضے میں کشمیری، روہنگیا پناہ گزین، سوڈان کے لوگ اور دیگر تنازعات سے متاثرہ مسلمان آبادی کو جاری تشدد اور انسانی بحرانوں کے درمیان خاص طور پر شدید مسائل کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ عید الفطر رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کی نشاندہی جو روایتی طور پر دعاؤں، دعوتوں اور خیرات کے ساتھ منائی جاتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577377