اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے تحریک انصاف کے حق میں پاکستان پر الزام تراشی شدید قابل مذمت ہے۔
منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اس کیمپ کا حصہ ہیں جو فلسطینیوں کے حقوق پامال کر رہا ہے۔ اسرائیل کیپٹول ہل حملے میں ملوث لوگوں کی گرفتاری اور سزا پر نہیں بولا، کیا وجہ ہے وہ پاکستان کے حساس تنصیبات پر حملہ آوروں کے حق میں سفارشات پیش کر رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلافورزیوں پر کیوں نہیں بولتا؟ دراصل بات انسانی حقوق کی نہیں بلکہ اسرائیل کی تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین کے ساتھ "خصوصی ہمدردی” کی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے کسی اور ملک میں انسانی حقوق کی خلافورزیوں کی باتیں مضحکہ خیز لگتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسرائیل خود 60 سالوں سے ہر روز فلسطین کے عوام کے بنیادی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ، وہ کس منہ اور حیثیت سے انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا کو لیکچر دے رہا ہے؟