24.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومزرعی خبریںاقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے زیر اہتمام زراعت...

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے زیر اہتمام زراعت کے شعبے میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

- Advertisement -

لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے زیر اہتمام زراعت کے شعبے میں موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کثیر الجہتی کوششیں و ہم آہنگ حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرین کلائمٹ فنڈ (جی سی ایف) پروگرام کے تحت مالی معاونت سے ”مربوط حکمت عملیوں کا فروغ، ہم آہنگی کو مضبوط کرنا، زراعت و پانی کے شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی کو پالیسیوں میں شامل کرنا” کے عنوان سے مقامی ہوٹل میں منعقد اس ورکشاپ میں پالیسی ساز، سرکاری عہدیدار اور ماہرین نے شرکت کی ۔

اس ورکشاپ کا مقصد شراکت داروں کے درمیان بات چیت اور تعاون کو فروغ دینا، مربوط حکمت عملیوں کی حوصلہ افزائی، موثر رابطے کو بہتر بنانا، اور بروقت معلومات کے تبادلے کو آسان بنانا ہے۔ یہ اقدام دریائے سندھ کے طاس کی زراعت کو تبدیل کرنے کے لیے ایف اے او کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد زراعتی کمیونٹیز کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور حکومت کو موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی طریقوں پر عملدرآمد کے قابل بنانا ہے۔

- Advertisement -

ورکشاپ ایف اے او کی ادارہ جاتی تشخیصی تحقیق کے نتائج پر مبنی تھی، جس میں زراعت اور پانی کے شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کثیر الجہتی اور ہم آہنگ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکا نے پنجاب کے زراعت اور پانی کے شعبوں میں موسمیاتی استحکام کے قیام کے لیے اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایف اے او کی تکنیکی مشیر اور منصوبے کی سربراہ ایمیلڈا بیریجینا نے کہا کہ ورکشاپ ہماری پالیسیوں میں موسمیاتی مزاحمت کو ضم کرنے اور پنجاب کی زراعت اور پانی کے انتظام میں مضبوط ہم آہنگی کے قیام کی جانب ایک سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے ماہرین اور فیصلہ سازوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے موسمیاتی مسائل کو پالیسیوں میں شامل کرنے کے لیے عملی حکمت عملیاں وضع کرنے اور جی سی ایف کے اہداف کے مطابق مزاحمت اور موافقت کو بڑھانے کے طریقے تلاش کیے جائیں گے تاکہ زیادہ جامع اور مستحکم غذائی نظام تشکیل دیے جا سکیں۔ڈائریکٹر آن فارم واٹر مینجمنٹ و جی سی ایف منصوبے کے صوبائی ڈائریکٹر، ڈاکٹر اشفاق چٹھہ نے موسمیاتی اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے ، یہ ورکشاپ حکمت عملیوں کو ہم آہنگ کرنے اور موسمیاتی مزاحمت زراعت کو پنجاب کی ترقی کا سنگ بنیاد بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

جی سی ایف کے بین الاقوامی مشیر بلال جہجو نے جی سی ایف کے مقاصد اور پنجاب کی موسمیاتی پالیسیوں کے درمیان ہم آہنگی سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا او ر کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت اور پانی کے انتظام کے ذریعے دریائے سندھ کے طاس کی تبدیلی منصوبہ جی سی ایف کے مالی تعاون سے جاری ہے اور ایف اے او کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کا مقصد زراعت اور پانی کے انتظام میں جدید طریقوں کے ذریعے دریائے سندھ کے طاس کی کمیونٹیز کی مزاحمت کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ پنجاب کی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے تاکہ زراعت اور پانی کے انتظام کی پالیسیاں بدلتے ہوئے موسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہو سکیں ۔ورکشاپ کے دوران دیگر شرکا نے محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانے، وفاقی اور صوبائی فریم ورک کے درمیان موجود خلا کو دور کرنے، اور زراعت و پانی کے انتظام کی پالیسیوں میں موسمیاتی مزاحمت کو شامل کرنے کے لیے عملی حل تلاش کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=537365

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں