اقوام متحدہ ۔ 25 مئی (اے پی پی) اقوام متحدہ نے یواین پیس کیپنگ مشن میں کام کے دوران کانگو میں شہید ہونے والے پاکستانی فوجی نائیک محمد نعیم رضا کو ایوارڈ سے نوازا ہے۔ایوارڈ دینے کی تقریب گزشتہ روز نیو یارک میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر امن مشن کے دوران جانیں قربا ن کرنے والے 38 ممالک سے تعلق رکھنے والے 119 فوجیوں اورپولیس افسران کو ایوارڈ سے نوازاگیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈا کٹر ملیحہ لودھی نے پیس کیپرز کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش سے یہ ایوارڈ وصول کیا ۔اس مو قع پر ڈاکٹر ملیحہ لو د ھی نے کہا کہ امن مشنز میں تعینات پاکستانی دستوں نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔پاکستان چھ دہائیوں سے اقوام متحدہ میں فوجی دستے بھیجنے والے ممالک میں سر فہرست رہا ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ یہ ایوارڈ اقوام متحدہ کے جانب سے عالمی امن کے لیے پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہے۔اقوام متحدہ کا ایوارڈ ہر سال امن مشنز میں شہید ہونے والے فوجی، پولیس اور سولین پیس کیپرز کو دیا جاتا ہے۔نائیک محمد نعیم رضا نے اقوام متحدہ کے کانگو امن مشن میں شہادت کا رتبہ حاصل کیا تھا۔