جنیوا ۔ 21 فروری (اے پی پی) انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر روپٹ کولولی نے مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے بھارت بھر میں کشمیریوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جنیوا میںجاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے کے انسانی حقوق کمیشن کو اس بات پر تشویش ہے کہ بھارت میں کچھ عناصر پلوامہ حملے کو جواز بنا کر کشمیریوں اور مسلمانوں کو دھمکیوں اور حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ بھارت لوگوں کو نسلی بنیادوں پر تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے گا۔ انسانی حقوق کے کمشنر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دو ایٹمی طاقت کے حامل ملکوں کے درمیان کشیدگی سے خطے کی سلامتی مزید خطرے میں نہیں پڑے گی۔