نیویارک۔۔ 29نومبر(اے پی پی)اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس 2دسمبر کو میڈرڈ میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس کو ” سی او پی 25” کا نام دیا گیا ہے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی بارے پیرس معاہدہ پر پوری طرح عمل درآمد کیا جائے ،یہ کانفرنس نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرزمیں دو ماہ قبل سیکرٹری جنرل کی طرف سے منعقد کئے جانے والے کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے بعد ہورہی ہے جو عالمی برادری کی توجہ ماحولیاتی ایمرجینسی کی طرف دلانے اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کے خاتمہ کے لئے کوششیں تیز کرنے کیلئے بلائی گئی تھی سی او پی 25 میں ماحولیاتی تبدیلی بالخصوص سخت موسمی حالات کے باعث نقصانات سے بچائو کا جائزہ لیا جائے گا ۔عالمی ماحولیاتی ماہرین کے مطابق موجودہ صدی کے دوران عالمی درجہ حرارت میں 3.4 تا 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ کے اضافہ کا امکان ہے جس کے وسیع تر اور تباہ کن ماحولیاتی اثرات مرتب ہوں گے دنیا کوپہلے ہی ماحولیاتی تبدیلی کا سامنا ہے جو صنعتی انقلاب کے بعد اب 1.1فیصد زیادہ گرم ہے ۔