اقوام متحدہ کے سربراہ کا کانگو میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں کا خیر مقدم

40

اقوام متحدہ۔24اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے مشرقی افریقی رہنمائوں کی جمہوری جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) اور مشرقی افریقی خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

چینی خبر رساں انتونیو گوتریش کے ایسوسی ایٹ ترجمان ایری کانیکو کے حوالے سے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کینیا کے صدر اوہورو کینیاٹا سمیت علاقائی رہنمائوں کو ان مقاصد کے لیے کام کرنے کے اس عزم کو سراہا۔

انہوں نے شہریوں کے تحفظ کے لیے علاقائی قوت اور کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے درمیان موثر رابطہ کاری اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ڈی آر سی میں تمام مقامی مسلح گروپوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی عمل میں غیر مشروط طور پر حصہ لیں۔

انہوں نے تمام غیر ملکی مسلح گروپوں کو غیر مسلح کرنے، غیر مشروط اور فوری طور پر واپس اپنے اپنے آبائی ممالک میں جانے کی اپیل کی۔

انہوں نے غیر فوجی اقدامات سمیت تنازعہ کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےتنازعے کوحل کرنے اور اعتمادکی مضبوطی کے لیے تمام فریقین کے درمیان صاف اور کھلے مذاکرات پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ اقوام متحدہ طویل مدتی قیام امن کی کوششوں میں خطے کے ممالک کی حمایت جاری رکھے گا جس کا مقصد احتساب کے حصول، امن اور سلامتی کے سلسلہ میں کامیابیوں کو مستحکم کرنا ہے۔