جنیوا ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سکیرٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں کی مذمت کی ۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق انتونیو گوٹریس کے ترجمان سٹیفن ڈوجرک نے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل دنیا بھر میں صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے خلاف مسلسل اور بڑھتے ہوئے حملوں پر حیران ہیں۔انہوں نے کہا کہ میکسیکن صحافی جولیو والڈیویا روڈریگ کا حالیہ قتل ان مضر اور مشکل حالات کی ایک اور مثال ہے جس میں متعدد صحافی عالمی سطح پر کام کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سکریٹری جنرل صحافیوں پر ہونے والے تمام حملوں اور ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہیں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس بات کی یقین دہانی کریں کہ ان کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ امن انصاف، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے لئے آزاد پریس ضروری ہے کیونکہ کوئی بھی جمہوریت پریس کی آزادی کے بغیر کام نہیں کرسکتی اورجب میڈیا کارکنوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو معاشرے مجموعی طور پر اس کی قیمت ادا کرتے ہیں۔