اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا افغانستان میں زلزلے سے اموات پر افسوس کا اظہار، بین الاقوامی برادری سے مدد کی اپیل

92

اقوام متحدہ۔23جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو ئے ہیں اور یہ تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل افغانستان کے عوام کے لیے افسردہ ہے جو پہلے ہی کئی سالوں کی کشیدگی کے باعث درپیش معاشی مشکلات اور بھوک کا شکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ مکمل طور پر متحرک ہے اور اقوام متحدہ کی ٹیمیں ضروریات کا تعین کر رہی ہیں اور ابتدائی امداد فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ زلزلے سے متاثرہ سینکڑوں خاندانوں کی مدد کرے کیونکہ یہ وقت یکجہتی کے اظہار کا ہے۔ بعد ازاں سیکرٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت اور متعدد فلاحی تنظیمیں افغانستان کے پکتیکا اور خوست صوبوں میں موبائل ہیلتھ ٹیمیں تعینات کر رہی ہیں جو ادویات اور طبی آلات اور اضافی طبی سامان کو متحرک کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے لیکن گزشتہ روز شدید بارش اور تیز ہوائوں کے باعث اسے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرناپڑا جبکہ طالبان حکومت نے بعض متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا، خیمے فراہم کیے لیکن مزید امداد کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے سے ایک ہزار افراد جاں بحق اور 1500سے زائد زخمی ہوئے۔