اقوام متحدہ۔16مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امریکی ریاست نیویارک کے شہر بفیلو میں فائرنگ کےواقعہ پر سخت صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق نائب ترجمان فرحان حق نے بیان میں بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی جلدفراہمی کی امید کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے ہر طرح کی نسل پرستی اور مذہب، عقائد، قومی شناخت اور نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مزید پرامن اور جامع معاشروں کی تشکیل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کو امریکی ریاست نیویارک کے شہر بفیلو کی سپر مارکیٹ میں 18سالہ سفید فام نے فائرنگ کر کے 10افراد کو قتل اور 3کو زخمی کر دیا تھا۔