اقوام متحدہ۔1جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے یمن میں دو ماہ کی ملک گیر جنگ بندی میں توسیع پر زور دیا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے صدر رشاد العلیمی کے ساتھ فون پر گفتگو کے دوران یمن میں جنگ بندی کے نفاذ ، سیاسی اور سکیورٹی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے یمنی عوام کی انسانی اور اقتصادی ضروریات کو پورا کرنے اورمصائب کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر حل کرنے کے لیے جنگ بندی پر بھی زور دیا تاکہ یمن کے شہریوں کی نقل و حرکت کو آسان بنایا جا سکے ۔
یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی ہانس گرنڈبرگ نے جنگ بندی کی تجدید کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ رواں سال یکم اپریل کو یمن کے سات سالہ تنازعے میں متحارب فریقین نے ریاست گیر جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ بندی کا مقصد یمنیوں کو تشدد کے واقعات اورانسانی مصائب سے نجات دلانا ہے۔