اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی افغانستان میں پولیس ہیڈکوارٹر پر مہلک حملے کی مذمت

133

نیویارک ۔19اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے افغانستان کے صوبہ غور میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے جرائم کے ذمہ داروں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک کے ذریعے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے مرنے والوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ افغانستان کے عوام اور حکومت کی حمایت کے لئے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہری زخمی ہوئے ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے مذکورہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب افغانستان میں طویل عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے لئے طالبان اور کابل حکومت کے درمیان قطر میں مذاکرات ہو رہے ہیں۔