اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی الجزیرہ کی خاتون صحافی کے قتل کی مذمت ، اہل خانہ سے تعزیت، واقعہ کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

52

اقوام متحدہ ۔12مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے مغربی کنارے میں الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابو عقلہ کے قتل کی مذمت کی ۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کے نائب ترجمان فرحا ن حق نےکہا کہ سیکرٹری جنرل الجزیرہ ٹی وی کی ایک فلسطینی نژاد امریکی رپورٹر شیریں ابو عقلہ کے قتل پر حیران ہیں، جنہیں مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی سیکورٹی فورسز کے آپریشن کی کوریج کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹونیو گوترش نے قتل ہونے والی صحافی کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ساتھی صحافی علی سامودی کی جلد صحت یابی کی خواہش کی، جو اسی واقعے میں زخمی ہوئے تھے۔ اقوام متحدہ کے سرابرہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ سیکرٹری جنرل صحافیوں پر ہونے والے تمام حملوں اور قتل کی مذمت کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صحافیوں کو کبھی بھی تشدد کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ میڈیا ورکرز کو آزادانہ طور پر اور ہراساں کیے بغیر، دھمکی یا نشانہ بنائے جانے کے خوف کے بغیر اپنا کام کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپنے پختہ یقین کا اعادہ کیا کہ امن، انصاف، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے لیے آزادصحافت ضروری ہے۔