اقوام متحدہ۔20مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے غزہ میں اقوام متحدہ کے اہلکاروں پراسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کے حملے کے تمام فریقوں کو معلوم ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ کہاں ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل کو اقوام متحدہ کے دفتر برائے پروجیکٹ سروسز کے عملے کے ایک رکن کی موت کے بارے میں جان کر شدید دکھ ہوا ہےجب دیر البلاح میں اقوام متحدہ کے2 گیسٹ ہاؤسز کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے تمام مقامات جنگ کے فریقین کو معلوم ہیں، جو بین الاقوامی قانون کے پابند ہیں کہ وہ ان کی حفاظت کریں اور ان کی مکمل ناقابل تسخیریت کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل ہلاک ہونے والے عملے کے رکن کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اقوام متحدہ کے 280 ارکان ہلاک ہو چکے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574600