اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نئے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے امیدواروں پرتیسرا غیر رسمی خفیہ ووٹ (اسٹرا پول) کرایا۔شنہوا کے مطابق فرانس کے اقوام متحدہ میں سفیر اور ستمبر کے لیے سلامتی کونسل کے صدر جیروم بونافون نے ووٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ امیدواروں کو نتائج ان کے نامزد کرنے والے ممالک کے مستقل نمائندوں کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدواروں پر سلامتی کونسل کا تیسرا غیر رسمی ووٹ

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔19ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نئے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے امیدواروں پرتیسرا غیر رسمی خفیہ ووٹ (اسٹرا پول) کرایا۔شنہوا کے مطابق فرانس کے اقوام متحدہ میں سفیر اور ستمبر کے لیے سلامتی کونسل کے صدر جیروم بونافون نے ووٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ امیدواروں کو نتائج ان کے نامزد کرنے والے ممالک کے مستقل نمائندوں کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔سلامتی کونسل کے اسٹرا پولز بند کمرے میں ہونے والی غیر رسمی ووٹنگ ہوتی ہے، جس کے نتائج باضابطہ طور پر جاری نہیں کیے جاتے۔ اس عمل کے ذریعے کونسل جنرل اسمبلی کو آئندہ سیکرٹری جنرل کی تقرری کے لیے ایک امیدوار کی سفارش کرتی ہے۔تاہم ووٹنگ کے نتائج سامنے آگئے۔ عالمی مہم ’’ون فار ایٹ بلین‘‘ کے مطابق کوسٹا ریکا کی سابق نائب صدر اور اقوام متحدہ کی تجارت و ترقی کانفرنس کی موجودہ سیکرٹری جنرل ربیکا گرینسپان نے 9 مثبت ووٹ حاصل کرکے سبقت حاصل کی، جبکہ اقوام متحدہ میں گیانا کی مستقل نمائندہ کیرولین روڈریگز برکٹ 8 مثبت ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔مہم کے مطابق گرینسپان کو 5 منفی ووٹ جبکہ روڈریگز برکٹ کو 6 منفی ووٹ ملے۔اس سے قبل 30 جولائی کو ہونے والے پہلے اسٹرا پول میں گرینسپان نے 10 مثبت ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ روڈریگز برکٹ 9 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھیں۔ 21 اگست کو دوسرے مرحلے میں صورتحال تبدیل ہوگئی اور روڈریگز برکٹ 8 مثبت ووٹوں کے ساتھ آگے رہیں جبکہ گرینسپان کو 7 ووٹ ملے۔تیسرے مرحلے میں دونوں امیدواروں کے خلاف منفی ووٹوں میں اضافہ ہوا۔سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے دیگر 6 امیدواروں میں ایکواڈور کی سابق وزیر و سفارتکار ایوون اے بکی، چلی کی سابق صدر اور اقوام متحدہ کی سابق ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ، ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ و دفاع اور سابق صدر جنرل اسمبلی ماریا فرنانڈا ایسپینوسا، ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی، یوگنڈا کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل اولارا اوتنو اور سینیگال کے سابق صدر میکی سال شامل ہیں۔موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کی مدت رواں سال کے اختتام پر مکمل ہو رہی ہے، جبکہ نئے سیکرٹری جنرل یکم جنوری 2027 کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔







