اقوام متحدہ ۔7اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ ایتھوپیا کو اقوام متحدہ کے عملے کو نکالنے کا کوئی حق نہیں ، وہ ایسا کرکے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق ایتھوپیا بارے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اپنے جواب کے حق میں انہوں نے کہا کہ یقیناً ایتھوپیا کو اقوام متحدہ کے ان ارکان کو نکالنے کا حق حاصل نہیں ہے، وہ ایسا کرکے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایتھوپیا کے مستقل نمائندے تائی اٹسکے سیلسی سے سلامتی کونسل کے چیمبر میں براہ راست بات کرتے ہوئے
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اگر ایتھوپیا حکومت کی طرف اقوام متحدہ کے نکالے جانے والے اراکین بارے کوئی تحریری دستاویزات اقوام متحدہ کے کسی ادارے کو فراہم کی گئی ہیں تو انہیں دستاویزات کی ایک کاپی دی جائے کیونکہ انہیں اس بارے کوئی علم نہیں ہے۔
انہوں نے ایتھوپیا کے وزیر اعظم سے کہا کہ اگر انہیں اقوام متحدہ کے عملے کی غیر جانبداری کے حوالے سے کوئی خدشات ہیں تو اس بارے انہیں آگاہ کریں تاکہ وہ اس کی تحقیقات کر سکیں ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم ایتھوپیا کی حکومت کے ساتھ ہر قسم کی صورت حال بارے تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ ایتھوپیا میں ہمارا صرف ایک ایجنڈا ہے اور وہ وہاں کے لوگ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے لوگ مصائب کا شکار ہیں اور ہمیں ان کی مدد کے علاوہ کوئی اور دلچسپی نہیں ۔واضح رہے کہ ایتھوپیا حکومت نے 30 ستمبر کو اقوام متحدہ کے 7 عہدیداروں کو "ناپسندیدہ شخصیات ” قرار دے کر انہیں 72 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا کہا تھا ۔