اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق فریم ورک کنونشن کی 29 ویں کانفرنس آف دی پارٹیز میں فعال کردار کے اعتراف کے طور پر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کیلئے تعریفی سند

111

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی(ایس ڈی پی آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی او پی 29 کے صدارتی مشاورتی بورڈ کے رکن ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کو جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کی جانب سے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی) کے 29 ویں کانفرنس آف دی پارٹیز (سی او پی 29) میں فعال کردار کے اعتراف کے طور پر تعریفی سند دی گئی ہے۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے ایک پروقار تقریب میں یہ اعزاز ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کو پیش کیا۔

پیر کو ایس ڈی پی آئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ تقریب آذربائیجان کے سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر عالمی رہنما، پالیسی ساز اور ماحولیاتی ماہرین بھی موجود تھے۔ آذربائیجان کے سفیر نے اپنی حکومت کی طرف سے سی او پی 29 کے عالمی مذاکرات میں ڈاکٹر سلہری کی گرانقدر خدمات، ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ان کی کاوشوں اور ماحولیاتی تعاون کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشاورتی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے ڈاکٹر سلہری نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور بالخصوص کمزور خطوں کے لئے حکمت عملی سازی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

پائیدار ترقی کے میدان میں ان کی گہری مہارت اور غیر متزلزل عزم نے انہیں بین الاقوامی سطح پر معتبر حیثیت دی ہے اور وہ عالمی ماحولیاتی پالیسی میں ایک موثر اور مستند آواز کے طور پر ابھرے ہیں۔صدر الہام علیئیف کے دستخط شدہ تعریفی سند ڈاکٹر سلہری کی ماحولیاتی تبدیلی کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف ہے۔ یہ اعزاز بین الاقوامی شراکت داری اور ماحولیاتی اہداف کے حصول کےلئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے اس اعزاز پر مسرت اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے ماحولیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز محض ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ان تمام افراد کی اجتماعی کاوشوں کا اعتراف ہے جو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی او پی 29 ایک کلیدی عالمی فورم ثابت ہوا اور مجھے اس کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کو دیا گیایہ ایوارڈ اس حقیقت کا بھی غماز ہے کہ عالمی ماحولیاتی پالیسی میں گلوبل سائوتھ کے ماہرین کا کردار مسلسل مستحکم ہو رہا ہے۔