اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ماحولیاتی نظام کی بحالی میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف ، وزیر اعظم عمران خان کی ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی کامیابی کے لیے اپنی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف

98

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی جانب سے ماحولیاتی نظام کی بحالی میں پاکستان کے اہم کردار کے اعتراف پر ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی کامیابی کے لیے اپنی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے یو این ای پی کی مذکورہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم تاریخ کے اس موڑ پر ہیں جہاں ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان اس اہم کوشش کی قیادت کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے سٹاک ہوم+50 کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والا ایک مضمون بھی شیئر کیا جس میں ماحولیات کی بہتری کے لیے پاکستان کے تعاون کا ذکر کیا گیا۔ یو این ای پی کے ایشیا اور پیسیفک کے علاقائی ڈائریکٹر Dechen Tsering نے کہا کہ قدرتی ماحول کی بڑے پیمانے پر بحالی کے اقدامات بشمول دس بلین ٹری سونامی پروجیکٹ اقوام متحدہ کی دہائی کو سپورٹ کرنے اور ماحولیاتی نظام کی بحالی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کے لیے یو این ای پی کی جامع رپورٹ ’’ملک کے قدرتی، انسانی اور پیدا کردہ سرمائے سے متعلق اپنی نوعیت کے پہلے جائزہ‘‘ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت کے قدرتی ماحول کی بحالی جیسے اقدامات کو نمایاں ہیں۔ مضمون میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ اقوام متحدہ کی دہائی برائے ماحولیاتی نظام کی بحالی 2021-2030 میں تقریباً ایک سال گزرنے کے بعد پاکستان اپنے دس بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کو آگے بڑھا کر یہ دکھا رہا ہے کہ اس ضمن میں کیا ممکن ہے

۔ اس پراجیکٹ کے تحت 2019 سے دسمبر 2021 کے درمیان تقریباً 10,000 مقامات پر 1.36 ملین ایکڑ رقبہ پر 1.42 بلین درخت لگائے گئے ہیں۔ پاکستان، جس نے 2021 میں عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کی خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا شکار ہے۔ یہ پراجیکٹ شروع ہونے سے پہلے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ ملک کا صرف پانچ فیصد حصہ جنگلات پر محیط ہے۔

پاکستان کی حکومت نے 2023 تک اپنے محفوظ علاقوں کو 15 فیصد تک بڑھانے کا عزم کیا ہے جو 2018 میں 12 فیصد تھے۔ 2021 کے وسط تک یہ 13.9 فیصد ہوگئے۔ دس بلین ٹری سونامی نہ صرف انحطاط پذیر ماحولیاتی نظام کی بحالی اور قدرتی سرمائے کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کر رہا ہے بلکہ یہ مقامی آبادیوں کے ذریعہ معاش کو بھی سہارا دے رہا ہے۔