اقوام متحدہ کے ماہرین انسانی حقوق کا مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی رابطوں کی بندش فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ

80

جنیوا ۔ 22 اگست (اے پی پی) اقوام متحدہ کے ماہرین برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی رابطوں کی بندش فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی پر کریک ڈاﺅن فوری ختم کیا جائے جوکہ اس نے اس ماہ کے آغاز میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے پارلیمنٹ کے فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 4 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی وادی میں مواصلاتی رابطے مکمل طور پر منقطع کرکے بلیک آﺅٹ کردیا گیا جبکہ انٹرنیٹ‘ ٹیلی ویژن چینلز‘ کیبل اور فون نیٹ ورکس تک رسائی منقطع کردی گئی۔ امریکہ سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کے ماہر اور خصوصی رپورٹر برائے فروغ آزادی اظہار رائے ڈیوڈ کائے اور انسانی حقوق بارے فرانسیسی ماہر مائیکل فروسٹ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے کسی جواز کے بغیر انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس بند کئے گئے ہیں جوکہ بنیادی اقدار کی نفی ہے جبکہ بلیک آﺅٹ جموں و کشمیر کے عوام کو دی جانے والی سزا کی اجتماعی شکل ہے جوکہ کسی جرم کے ارتکاب کے بغیر ہی انہیں دی جارہی ہے۔