اسلام آباد ۔ 22 جون(اے پی پی) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین فلپینوگرینڈی نے بدھ کو یہاں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیربرائے ریاست و سرحدی علاقہ جات لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادربلوچ بھی موجود تھے۔ فلپینوگرینڈی نے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کےلئے اپنی نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔ وزیرخزانہ نے پاکستان میں تین عشروں سے زائدعرصہ تک 25 لاکھ سے زائد پناہ گزینوںکی موجودگی میں پناہ گزینوں کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے یو این ایچ سی آر کے تعاون کو سراہا۔فلپینو گرینڈی نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد پناہ گزینوں کے ایشو کے معاملے پر پاکستان کے کردار کو اجاگرکرنا ہے جو عالمی تشویش کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے بے گھر افغان پناہ گزینوں کی اپنے ملک واپسی کےلئے افغان اورایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر نے رضاکارانہ طور پرواپس جانے والے افغانیوں کےلئے نقد امداد کی رقم دوگنی کردی ہے ۔