اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اظہارتشویش

70

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی)دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے بھارت سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ، مسلسل پابندیوں، لاک ڈاﺅن اور مقبوضہ افواج کی جانب سے جاری کریک ڈاﺅن کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ پیر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کے زیراہتمام جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کا 42واں اجلاس ہوا، اس موقع پر اجلاس کے شرکاءنے کئی اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا جو قابل تحسین ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھارتی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ مواصلات اور انٹرنیٹ ، پرامن اجتماع پر پابندی اور مقامی سیاسی قیادت سمیت عام شہریوں کی گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ہائی کمشنر نے بھارت سے خصوصی طور پر مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاﺅن اور کرفیو میں نرمی کی جائے تا کہ عوام کو بنیادی ضروریات تک رسائی مل سکے اور جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان کو بھی تمام قانونی حقوق فراہم کیے جائیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے حوالے سے کسی بھی فیصلے میں شریک نہیں کیا جا رہا۔