اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین(یو این ایچ سی آر)نے زلزلہ سے متاثرہ خاندانوں کیلئے 500خیموں اور دیگر ہزاروں امدادی اشیاءبلوچستان کی صوبائی حکومت کے حوالے کر دیں۔پیر کو یو این ایچ سی آر کے مطابق گزشتہ ہفتے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ہولناک زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کیلئے ہنگامی امدادی اشیاءصوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کر دی گئی ہیں
۔پاکستان میں یو این ایچ سی آر کے نمائندہ نوریکو یوشیدہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچستان کے لوگوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،جو گزشتہ چالیس سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد آمد ہے،ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ ایمرجنسی سپلائی متاثرہ خاندانوں کی امداد کیلئے پاکستان کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگی۔یو این ایچ سی آر کا بلوچستان میں کام کا مقصد افغان مہاجرین اور مقامی برادری کو مدد فراہم کرنا ہے۔