اقوام متحدہ ۔12اگست (اے پی پی):اقوام متحد ہ نے فلسطین میں اسرائیلی حملوں میں بچوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترک خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنرمشیل بیچلیٹ نے بیان میں کہا کہ جھڑپوں میں بچوں کو نقصان پہنچانا انتہائی پریشان کن ہے۔مشیل بیچلیٹ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے فلسطین میں اسرائیلی حملوں میں 19 بچے جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کا قانون واضح اور غیر مبہم ہے۔ عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملے ممنوع ہیں۔ ان حملوں کو روکا جانا چاہیے۔ مشیل بیچلیٹ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی بار بار خلاف ورزیوں ، فلسطین میں شہری اموات کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورت حال انتہائی نازک ہے، نابلس میں ہونے والے واقعات سے غزہ میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خطرہ ہے۔ مزید خونریزی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ صبر و تحمل کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ 5 اور 7 اگست کو غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 17 فلسطینی بچے اور 9 اگست کو مغربی کنارے میں ہونے والے حملوں میں 2 بچے شہید ہو گئے۔