الجزائر اور تیونس کے درمیان 30 سال بعد ریل سروسز دوبارہ شروع

101

الجزائر۔12اگست (اے پی پی):الجزائر اور تیونس کے درمیان 30 سال بعد ریل سروسز دوبارہ شروع ہو گئی ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق الجزائر میں ریل ٹرانسپورٹ کی قومی کمپنی نے بتایا کہ الجزائر اور تیونس کے درمیان 30 سال بعد ریل سروسز دوبارہ شروع ہو گئی ہے،پہلی ٹرین گزشتہ روز تیونس سے روانہ ہوئی۔الجزائر کے انابا سٹیشن سے ایک کمرشل سروس منگل کو شروع ہو گی۔یہ ٹرین 357 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔

اس میں دو فرسٹ کلاس اور دو سیکنڈ کلاس بوگیاں ہوں گی جس میں فی ٹرپ 300 مسافروں کی گنجائش ہے۔دونوں ممالک کے درمیان ریل سروس 1995 میں سکیورٹی خدشات کے باعث معطل کردی گئی تھی۔ اگرچہ 2003 میں مختصر وقت کےلیے اسے دوبارہ شروع کیا گیا لیکن نامعلوم تکنیکی مسائل کی وجہ سے سروس کو دوبارہ روک دیا گیا۔اس روٹ کی بحالی دونوں ممالک کو ریل کے ذریعے دوبارہ جوڑنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔