لاہور۔20جنوری (اے پی پی):ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا طارق محمود چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ادبی وثقافتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، ہر روز نت نئے پروگرام پیش کئے جا رہے ہیں، مستقبل میں عوام کو شاندار کلچرل پرفارمنس دیکھنے کا موقع ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں الحمرا میلوڈیز کے نئے ایڈیشن کے حوالے سے کیا۔الحمرا میلوڈیز کا نیا ایڈیشن ابھرتے نوجوان گلوکار زمان عباس(لونے والا) کے نام رہا۔پروگرام کی ابتدا سمر عباس نے اک تارا بجا کے کی۔سر سنگیت اورسرگم کے ملاپ نے سرد شام کا مزا دوبالا کر دیا۔نامور موسیقار زمان عباس (لونے والا) نے ہمنواؤں کے ہمراہ یادگار پرفارم کیا۔زمان عباس کا تعلق ملک کے مشہور و معروف موسیقار گھرانے سے ہے۔
پیش کردہ کلاموں کے الفاظ اور قوال کے انداز نے سننے والوں پر سحر طاری کر دیا،وسطی اور جنوبی پنجاب کے فوک میوزک کی مختلف کمپوزیشنز نے سما باندھ دیا،اک پھل موتیے دا مار کے جگا کے روایتی انداز نے شایقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔پاکستانی موسیقار میوزک کی ہر صنف میں ملک عظیم کا نام روشن کر رہے ہیں۔الحمرا بک کارنر کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا مقصد کتاب کلچر کا فروغ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431744