سرگودھا۔ 23 جنوری (اے پی پی):الخدمت فاؤنڈیشن اسلامک مائیکرو فنانس پروگرام کے تحت 349مردو خواتین میں ایک کروڑ چونسٹھ لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے، بے روز گار افراد کو کاروبار کے آغاز اور توسیع کے لیے ہر ماہ بلا سود قرض فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے مرکز جماعت اسلامی میں گزشتہ روز بلا سود قرض کی فراہمی کے لیے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن میاں اظہار الحق، ضلعی جنرل سیکرٹری میاں محمد سلیم، غلام مصطفیٰ طاہر، میاں انعام الحق، مدثر خالد وڑائچ اوراسحاق خان نے خصوصی شرکت کی۔
شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام امیر ضلع ڈاکٹر طاہر فاروق کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سمیت دُنیا بھر میں فلاحی کاموں میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہے جبکہ معاشرے کے پریشان اور ضرورت مند افراد کی ہر ممکن طریقے سے مدد کرنے کے لیے مختلف پراجیکٹ کامیابی سے چلا رہی ہے۔ قائمقام امیر ضلع ڈاکٹر طاہر فاروق نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اسلامک مائیکرو فنانس کا پراجیکٹ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ماہ 15افراد کو بلا سود قرض فراہم کیا گیا ہے تا کہ یہ افراد بھی اپنے کاروبار کو شروع کر کے اہلخانہ کے لیے رزقِ حلال کما سکیں اوراُنکی پریشانیاں کم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قرضہ جات کی فراہمی کا یہ سلسلہ ہر ماہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔