پشاور۔ 07 نومبر (اے پی پی):الخدمت فائونڈیشن ضلع صوابی کے تحت نشے کے عادی افراد کے علاج معالجہ کے لئے ضلع صوابی میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت قائم ڈرگ ری ہبلی ٹیشن سنٹر میں آئی ٹی سنٹر کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس کی صدارت الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کی۔اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرمہمان خصوصی تھے۔تقریب میں صوبائی وزیر عبدالکریم خان،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مفتی مراد احمد،تحصیل ناظم صوابی عطاء اللہ خان،الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی میڈیا منیجرنورالواحد جدون،
ضلعی صدر واجدعلی شاہ،اسسٹنٹ کمشنر صوابی اسامہ اور چیمبرآف کامرس صوابی کے صدر فضل رحیم جدون سمیت معززین علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔نشے کے عادی افرادکے علاج معالجہ کے لئے قائم اس سنٹر کو کامیابی سے چلانے کےلئے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ صوابی کے ساتھ الخدمت فائونڈیشن نے ایم او یو کے تحت سنٹر کو ماہر نفسیات،مذہبی سکالر اور طبی عملہ کی فراہمی میں تعاون کاسلسلہ جاری رکھا تھا،اب حکومت نے اس سنٹر کو صوبائی محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت کیا ہے
جس کے ساتھ الخدمت فائونڈیشن نے آئی ٹی سنٹر کے قیام کےلئے ایم او یو کرلیا ہے۔ آئی ٹی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح رکن قومی اسمبلی اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کیا۔ اس سنٹر میں زیرعلاج 80 مریضوں کو تین ماہ کے آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے تاکہ علاج کے بعد وہ اپنے لئے باعزت روزگار کے حصول کے قابل ہو سکیں۔