ریاض۔3مئی (اے پی پی):سعودی سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ حج سیزن کے حوالے سے عازمین کی آمد و روانگی کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ فضائی کمپنیوں میں 30 لاکھ سے زیادہ سیٹیوں کی یقین دہانی کی جا چکی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ایئرپورٹ ہولڈنگ کمپنی نے 6 ایئرپورٹس جن میں جدہ کا کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ، مدینہ منورہ کا امیر محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ، طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ، شہزادہ عبدالمحسن بن عبدالعزیز ینبع ایئرپورٹ، کنگ فہد دمام انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض شامل ہے جہاں گیارہ ہزار سے زائد عملے کو تعینات کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ السعودیہ نے رواں برس حج سیزن کے لیے ایک ہزار فلائٹوں میں سے 10 لاکھ سیٹوں کی بکنگ کی ہے جبکہ فلائی ناس کی جانب سے 15 ایئرپورٹس کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار عازمین حج کی بکنگ کی گئی ہے۔ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 25 ہزار بسوں اور9 ہزار ٹیکسیوں کے علاوہ ٹرانسپورٹ آپریشن کو منظم کرنے کے لیے 180 سپروائزرز کا انتظام کیا ہے جو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ کے 20 مقامات پر تعینات ہوں گے۔
سعودی ریلوے کی جانب سے بھی مشاعر مقدسہ ریل سروس کے ذریعے مشاعر مقدسہ کے لیے 20 لاکھ افراد کی ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔بحری جہازوں کے ذریعے آنے والے عازمین کے استقبال اور روانگی کے لیے 436 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو جدہ اسلامی بندر گاہ پر آنے والے 5 ہزار سے زائد عازمین کو لاجسٹک خدمات مہیا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591640