القدس کے تاریخی اور قانونی تشخص کو گزند پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شاہ سلمان

112

مکہ المکرمہ۔ یکم جون (اے پی پی) سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ القدس کے تاریخی اور قانونی تشخص کو گزند پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مکہ معظمہ میں جاری اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں سعودی فرمانروا نے توقع ظاہر کی کہ او آئی سی کا سربراہ اجلاس عالم اسلام کی امنگوں کا ترجمان ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلہ فلسطین کا منصفانہ حل ان کی پہلی ترجیح ہے اور عالم اسلام مقبوضہ بیت المقدس کے تاریخی اور قانونی تشخص کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے 14 ویں سربراہ اجلاس کے دوران افتتاحی خطاب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ کانفرنس میں شریک مسلمان ممالک کے عوام کی خوش حالی اور ترقی کے لئے یہ اجلاس اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قضیہ فلسطین کا منصفانہ حل سعودی عرب کی پہلی ترجیح ہے، ہم اس وقت تک فلسطینیوں کے حقوق کے حصول کی حمایت جاری رکھیں گے جب تک انہیں منصفانہ طریقے سے ان کے حقوق فراہم نہیں کردیئے جاتے۔ شاہ سلمان نے بیت المقدس کے تقدس کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ عالم اسلام القدس کو گزند نہیں پہنچنے دیں گے۔