اللّٰہ تعالیٰ نے عورت کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے،وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال

78
اللّٰہ تعالیٰ نے عورت کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے،وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال

کوئٹہ۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے عورت کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے اگر وہ اپنی صلاحیتوں کا درست استعمال کرے تو مشکل سے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے،عورت کئی روپ میں ہمارے سامنے ہےاور ہر روپ میں اس نے اپنا بہترین کردار نبھایا ہے،

اگر وہ ماں ہے تو وہ اپنے بچوں کی جنت ہے جو ان کی بہترین تربیت پر توجہ دے کر انہیں معاشرے میں بہترین مقام تک پہنچا سکتی ہے ۔ 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے اپنے پیغام میں کہا کہ عورت اگر بیٹی کے روپ میں ہے تو وہ اپنے والدین کے لیے رحمت ہےجو اپنے والدین کی خدمت کرتی ہے اور ان کا سہارہ بنتی ہے، اسی طرح اگر وہ بہن کے روپ میں ہے تو ایک بہترین دعا گو ہے اور ایک محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ عورت کا ہر روپ قابل رشک ہے اور لائق عزت و احترام ہے۔ وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا کہ اسلام سے قبل عورت بہت مظلو م اور معاشرتی و سماجی عزت و احترام سے محر وم تھی لیکن اسلام نے عورت کو بلند مقام عطا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عورت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ بے شمار خوبیوں کا مجموعہ ہے۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ 8 مارچ تجدید عہد کا دن ہے کہ معاشرے میں خواتین کی معاشی سیاسی و ثقافتی آزادی اور انہیں ان کا جائز مقام دلانے کی جدوجہد کو جاری رکھا جائےاور معاشرے کو ذہنی پستی سے نکال کر ایک تعمیری سوچ کی طرف لے جایا جائے۔