اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):عید الفطر کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں بھری عید الفطر پوری قوم کو مبارک ہو،اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہماری عبادات، دعائیں، اور توبہ کو اللہ تعالیٰ شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، ہماری کاوشیں شہریوں کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات پر مرکوز ہیں۔ اس سلسلے میں، اسلام آباد کو دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومت کی حیثیت سے پروان چڑھانے کے لیے ریکارڈ وقت میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شہر کی خوبصورتی، صفائی، اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے شب و روز محنت کر رہے ہیں۔ محمد علی رندھاوا نے نے کہا کہ عید کے پر مسرت موقع پر ہم عزم کرتے ہیں کہ ہم اسلام آباد کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجرکاری مہم کو فروغ دیں گے۔ اپنے لئے اور والدین و بچوں کے لئے پھل دار، پھول دار، اور سایہ دار درخت لگا کر آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کا تحفہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اپنا فرض نبھانے کے لیے پرعزم ہے، آئیے ہم سب مل کر اپنا کردار ادا کریں گے، آپ کی شرکت اور تعاون سے ہی اسلام آباد دنیا کا ایک مثالی شہر بنے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ہم دارالحکومت کو بین الاقوامی معیار کا حامل شہر بنانے کے لیے سیاحتی منصوبوں کا بھی آغاز کر رہے ہیں، جس سےاسلام آباد کا بین الاقوامی سطح پر وقار بڑھے گا ۔
اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان اور اسلام آباد کی ترقی کے لیے خدمت ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577557