سرگودھا۔9فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ کے زیادہ محبوب اور پسندیدہ وہ انسان ہیں جو مخلوق خدا کے ساتھ نیکی کریں۔ اخوت فاؤنڈیشن کے خدمتِ خلق کےجذبے کی جتنی تعریف کی جائےکم ہوگی۔ وہ بدھ کو یہاں اخوت فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ واں میانہ، سرگودھا میں اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے گھروں کی تعمیر و کاروبار کے لیے بلا سود قرضے فراہم کرنا،ضرورتمندوں کو رعایتی نرخوں پر ادویات کی فراہمی، بنیادی صحت کی سہولیات کی استطاعت نہ رکھنے والوں کو ڈاکٹر سے مفت مشورہ ورہنمائی کی سہولت فراہم کرنا و دیگر نیک کام کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اخوت فاؤنڈیشن و دیگر فلاحی ادارے انسانیت کی زندہ مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ خدمتِ خلق کو ترجیح ہی ہم سب کا اولین مقصد ہونا چاہیے۔اسپیکر اسد قیصر نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول واں میانہ، سرگودھا کا دورہ کیا اور طلباء سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں یکساں تعلیمی نصاب کا نفاذ تعلیمی شعبے میں پنجاب حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ دیگر صوبے بھی وزیراعظم کےاس اقدام پر عمل پیرا ہوکر ملک کےہر بچے کا مستقبل روشن کرنےمیں حکومت کاساتھ دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=294844