اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ دہشت گرد حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، انجنیئر امیر مقام

142

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجنیئر امیر مقام نے دہشتگرد حملے میں محفوظ رہنے پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ دہشت گرد حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے آج مجھے ایک بار پھر ایک نئی زندگی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دوست احباب، پارٹی قائدین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے دعائوں اور اپنے پیغامات سے میرے بارے میں اپنی فکر مندی کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر شانگلہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور اپنی دعائوں میں یاد رکھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، دہشتگردی کے خاتمہ سے ہی پاکستان کو ترقی اور استحکام ملے گا، دہشتگرد بزدل ہیں جو چھپ کر وار کرتے ہیں، طاقتور صرف اللہ تعالی کی ذات ہے جو زندگی کی حفاظت کرتی ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن اپنی جان سے انہیں زیادہ عزیز ہے اور دہشت گرد اپنے بزدلانہ حملوں سے مجھے عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتے،پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ کی طرح میدان عمل میں رہوں گا، پولیس کی بہادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے۔