المصطفیٰ کمپلیکس میں غازی علم الدین شہید کے یوم شہادت کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد

131

مظفر آباد ۔31اکتوبر (اے پی پی):المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام عظیم عاشق رسولؐ غازی علم الدین شہید کے یوم شہادت کے موقع پر المصطفیٰ کمپلیکس میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور خصوصی بچوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عتیق احمد کیانی صدر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی آزاد کشمیر اور علامہ شجاع الرحمن نے کہا کہ آج غازی علم الدین شہید کا یوم شہادت ہے،

عاشق رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم آج بھی زندہ جبکہ شاتم تاریخ میں نابود ہو گیا، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کبھی کسی ناعاقبت اندیش نے ناموس رسالتؐ میں گستاخی کی جسارت کی تو عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے سربلندی ملت میں اپنا حصہ ڈالا ہے، عشق مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ایسا خذینہ ہے جس کی نہ تو قیمت کا تعین ممکن ہے اور نا ہی تمام کائنات میں مثل ہی ڈھونڈنا ممکن ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں ایسے چند ایک ہی کردار موجود ہیں جن کے غیر فطری و غیر ارادی افعال نے تاریخ انسانی پر اپنے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور غازی علم الدین شہید کا تاریخی کردار بھی انہی میں سے ایک ہے۔ راجپال نامی کافر نے جب نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے خلاف گستاخی کی جسارت کی جس کو غازی علم الدین شہید نے 6 اپریل 1929ء کو واصل جہم کر دیا اور بعد ازاں قتل کا اعتراف کرتے ہوئے گرفتاری پیش کر دی۔مورخہ 22 مئی1929 کو غازی علم الدین کو سیشن کورٹ کے جج نے سزائے موت کا حکم سنایا۔

ہائی کورٹ میں اپیل کے لیے اس وقت کے سب سے بڑے اور مشہور وکیل محمد علی جناح کی خدمات حاصل کی گئیں۔ غازی علم دین شہید کی آخری آرام گاہ میانی صاحب قبرستان بہاولپور روڈ میں ایک نمایاں مقام پر موجود ہے۔ تقریب کے اختتام پر علامہ شجاع الرحمن نے عظیم عاشق رسولؐ غازی علم الدین شہید کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی ۔