الپائن کلب آف پاکستان، نیشنل کلائمبنگ فیڈریشن کی اسلام آباد میں یوم آزادی کے حوالے سے”اسپورٹ کلائمبنگ ” آزادی کپ کی میزبانی

199
Alpine Club of Pakistan
Alpine Club of Pakistan

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان، نیشنل کلائمبنگ فیڈریشن نے اسلام آباد میں یوم آزادی کے حوالے سے”اسپورٹ کلائمبنگ ” آزادی کپ کی میزبانی کی جس میں قوم کے عزم اور جذبے کو اجاگر کیا گیا۔ اتوار کو الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ میں الپائن کلب آف پاکستان کلائمبنگ وال پر منعقد ہونے والے ایونٹ میں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کوہ پیمائی مہارت کا مظاہرہ کیا۔کھلاڑیوں نے کوہ پیمائی کے لیے اپنے جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

ایونٹ کے دوران متحرک ماحول خوشیوں اور تالیوں سے بھر گیا،ایونٹ میں کوہ پیماؤں نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا جس میں ابو زر فیض پہلے جبکہ ظہیر احمد اور حذیفہ عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔جیوری رحمت اللہ قریشی، نجیب خٹک اور وسیم عباس پر مشتمل تھی۔ الپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابو ظفر صادق نے کھلاڑیوں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی باقاعدہ تربیت اور مزید فروغ کے لیے حوصلہ افزائی کی تاکہ انہیں بیرون ملک مقابلوں کے لیے بھیجا جا سکے۔

ارشد ندیم کی مثال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کس طرح زیادہ تر ایتھلیٹس کو درپیش چیلنجوں کے باوجود یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی لگن اور محنت کی ضرورت پر زور دیا۔ نجیب خٹک اور رحمت اللہ قریشی نے بھی باقاعدہ تربیت کو سراہا اور اعلیٰ سطحی کامیابیوں پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

یہ تقریب پاکستان سپورٹس بورڈ اور اس سے منسلک سپورٹس فیڈریشنز کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے منعقد کی گئی۔ پی ایس بی میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران کھلاڑیوں کو سرٹیفکیٹ اور ٹرافیاں دیئے جانے کا امکان ہے۔