اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان نے مارگلہ ہلز پر راک کلائمبنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا،قومی راک کلائمبنگ چیمپئن شپ کا انعقاد سیدپور راکس میں کیا، جس میں ملک بھر کے مختلف محکموں کے ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ہفتہ کوالپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایونٹ میں اوپن اور یوتھ کیٹیگریز کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اوپن کیٹیگری میں اسلام آباد سے میر حسن فیض نے پہلی، ایس این جی پی ایل کے سیف الدین نے دوسری اور میر ابو ذر فیض نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔یوتھ کیٹیگری میں اسلام آباد سے حذیفہ عمران نے پہلی، آزاد جموں و کشمیر سے سعد اسلم نے دوسری، اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے عمر بلال ظفر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔رحمت اللہ قریشی جیوری کے صدر تھے
جبکہ کرار حیدری، نجیب خٹک، حنزلہ حسین ظفر اور ظہیر احمد جیوری نے بطور ممبران فرائض سر انجام دئیے۔اس موقع پرایک تربیتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں سویٹ ہوم، آغوش اور جڑواں شہروں کے شرکا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس سیشن میں رحمت اللہ قریشی، حنزلہ حسین، ظہیر احمد، اور صفی الدین نے شرکاء کو کلائمبنگ گیئر کے استعمال، راک کلائمبنگ کی بنیادی تکنیک، مختلف قسم کے کلائمبنگ ہولڈز،گرپس اور حرکات سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پرالپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابو ظفر صادق نے راک کلائمبنگ اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کی اہمیت پر ایک لیکچر دیا۔
انہوں نے صوبائی یونٹس ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ایس این جی پی ایل کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے قومی راک کلائمبنگ چیمپیئن شپ میں فعال حصہ لیا۔ الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری بھی اس موقع پر موجود تھے اور ایتھلیٹس کے جوش و خروش کو سراہا۔اس موقع پرالپائن کلب کے نائب صدر ایاز احمد شگری، مشہور کوہ پیما محمد اشرف سدپارہ، شیری جدون اور مختلف محکموں، صوبوں، سویٹ ہوم، اور آغوش کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=540171