الپائن کلب اور ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے تمام عہدیداران بلامقابلہ کامیاب، باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے انتخابات 20 جون کو ہوں گے

6
Alpine Club
Alpine Club

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے تین قومی سپورٹس فیڈریشنز کے انتخابات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ الپائن کلب آف پاکستان اور پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں، کیونکہ ان کے خلاف کوئی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے۔ الیکشن کمیشن نے ان کی بلا مقابلہ کامیابی کا اعلان کیا ہے۔

پی ایس بی الیکشن کمیشن کے مطابق، میجر جنرل عرفان ارشد الپائن کلب کے بلامقابلہ صدرجبکہ ایاز احمد شگری کو اعزازی سیکرٹری، پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن میں اعجازالرحمٰن کو صدر، جبکہ علیم آغا اور آصف اورکزئی کو نائب صدور منتخب ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے انتخابات 20 جون 2025 کو دوپہر 2:30 بجے پی ایس بی کوچنگ سینٹر، فیروز پور روڈ، لاہور میں منعقد ہوں گے۔اس حوالے سے امیدواروں اور ووٹرز کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ صدر، سیکرٹری جنرل اور خزانچی کے عہدوں کے لیے تین تین امیدوار جبکہ نائب صدر کے عہدے کے لیے 11 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

فیڈریشن کے آئین کے آرٹیکل IX (a) کے تحت "ایگزیکٹو ممبر” کی کیٹیگری کو منسوخ کر دیا گیا ہے، لہٰذا اس عہدے کے لیے کوئی انتخاب نہیں ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل مکمل شفافیت کے ساتھ، فیڈریشن کے آئین، متعلقہ قواعد و ضوابط اور نیشنل سپورٹس پالیسی 2005 کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے۔