الیکشن ایکٹ میں ہے کہ کرپشن اور لالچ دینا مجرمانہ فعل ہے، علی حیدر گیلانی کی وڈیو اور مریم صفدر کا بیان اعتراف جرم ہے،سینیٹر فیصل جاوید

44

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سینیٹ انتخابات میں خفیہ بیلٹنگ میں آگے آگے تھی، اب یہ لوگ بھاگ رہے ہیں، اپوزیش جماعتوں کو چاہیے کہ اسمبلی میں آ کر وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ کریں، الیکشن ایکٹ میں ہے کہ کرپشن اور لالچ دینا مجرمانہ فعل ہے، علی حیدر گیلانی کی وڈیو اور مریم صفدر کا بیان اعتراف جرم ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے پہلے بھی سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے بھرپور کوشش کی اور آئندہ بھی کریں گے، عوام دیکھ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف اور اپوزیشن کرپشن کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپوزیشن کا مسئلہ یہ ہے کہ یہ انتخابات میں پیسے کے استعمال کے بغیر جیت ہی نہیں سکتی اسی لئے ان لوگوں نے اوپن بیلٹ کی مخالف کی۔ فیصل جاوید نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرنے کا پابند تھا، الیکشن ایکٹ 2017ءمیں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کی صوابدید ہے جیسے چاہے بیلٹ پیپر چھپوائے، حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت تمام قومی اداروں کا احترام کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے، تمام ادارے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیںِ، ہم کسی ادارے پر تنقید نہیں کر رہے، ہماری صرف الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ الیکشن ایکٹ پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کیلئے ان کی سپورٹ کی تھی اور جب وہ کامیاب ہو گئے تھے تو بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ جمہوریت جیت گئی ہے، پھر انہی کے خلاف اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد پیش کی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت جب بھی عوامی مفاد کی قانون سازی لیکر آتی ہے تو اپوزیشن جماعتیں این آر او مانگنا شروع ہو جاتی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا علی حیدرگیلانی کی مبینہ وڈیو کے معاملے کو سماعت کیلئے مقرر کرنا خوش آئند ہے۔