مظفرگڑھ۔ 06 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ سید حسنین حیدر نے پولیس لائنز میں پٹرولنگ ہائی وے پولیس، سپیشل پروٹیکشن یونٹ،ایلیٹ فورس اور پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو2024 کے الیکشن کی سیکیورٹی ڈیوٹی کے حوالے سے بریفنگ دی اور ان کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ پر عملدرآمد اور ووٹرز کو انتخابی عمل میں سہولت دینے کے حوالے سے قوانین پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ الیکشن ڈے کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور امن وامان کے حوالے سے الیکشن ڈے کو پر امن بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے پولیس کا ہر جوان بہترین جذبہ سے سرشار ہے ان کے حوصلے بلند ہیں، ضلع بھر کے 1800 سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر زیادہ سے زیادہ پولیس ڈپلائے کروائی گئی ہے جسکا صرف اور صرف مقصد الیکشن ضابطہ پر من و عن عمل کرا کر الیکشن کو پرامن بنانا ہے اور ووٹرز کو بالکل آزادانہ اور پرامن ماحول فراہم کیا جانا ہمارا فرض ہے جس سے وہ اپنی آزادانہ مرضی سے اپنا نمائندہ منتخب کر سکیں گے۔